سری نگر/08اپریل:
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں و کشمیر میں بھارت نیٹ سکیم کی عمل آوری کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ صدارت کی ۔
میٹنگ میںصوبائی کمشنر کشمیر ، جی ایم بی ایس این ایل سری نگر ، جی ایم بی بی ایم سری نگر نے میٹنگ میں شرکت کی جبکہ لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، صوبائی کمشنر جموں ، سیکرٹری آئی ٹی ، جی ایم بی ایس این ایل جموں ، جی ایم بی بی ایم جموں اور دیگر نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔
میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں بھارت نیٹ سکیم کی عمل آوری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی تا کہ تمام گرام پنچایتوں کو کم سے کم وقت کے اندر براڈ بینڈ کنکٹیوٹی فراہم کی جائے ۔
مرکزی حکومت نے اہم بھارت نیٹ پروگرام کے تحت پورے ملک میں تمام گرام پنچایتوں کو براڈ بینڈ کنکٹیوٹی فراہم کرنے کا تصور کیا ہے ۔
دیہی علاقوں میں جموں و کشمیر میں بھارت براڈ بینڈ سکیم کی عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ جموں کشمیر یو ٹی کے 13 بلاکس میںمرحلہ اوّل کے تحت منصوبہ بند تمام 427 جی پی ایس کو آپٹیکل فائبر کیبل ( او ایف سی ) کنکٹیوٹی فراہم کی گئی ہے ۔ میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مرحلہ اوّل کے تحت تمام اضلاع کے دور دراز علاقوں میں وی سیٹ سے 673 جی پی ایس کو منسلک کیا گیا ہے ۔
ڈاکٹرارون کمار مہتا نے کہا کہ تمام 427 پنچایتیں جو او ایف سی کے ذریعے جڑی ہوئی ہیں ایک سے زیادہ کنکشن رکھ سکتی ہیں اور انٹر نیٹ کی سہولت کو ایک اسکول ، قریبی ہسپتال اور ایک سی ایس سی سنٹر ( جو گرام پنچائت سے کام کر سکتی ہے ) تک پھیلائے گی ۔
چیف سیکرٹری نے نچلی سطح پر ڈیجیٹل شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نیٹ سے چلنے والی گرام پنچایتیں صحیح طریقے سے کام کریں تا کہ انہیں بیداری کیلئے یوتھ کلبوں ، آنگن واڑی مراکز اور مہمات اور سرکاری اسکیموں اور پروگراموں کو فروغ دینے کیلئے دیگر اہم پبلک سیکٹر کی تنصیبات کو جوڑنے کیلئے مرکز کے طور پر استعمال کیا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ تمام گرام پنچایتوں کو ہر لحاظ سے اچھی طرح سے برقرار رکھا جانا چاہئیے اور وی ایل ڈبلیو کو اس کی مناسب دیکھ دیکھ کیلئے مناسب اقدامات کرنے چاہئیں ۔ اس بات کو برقرار رکھتے ہوئے کہ تمام پنچایتوں میں بجلی کا کنکشن ہونا چاہئیے ، چیف سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو تمام مشکلات کو دور کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ انہیں کسی بھی معاملے میں گرام پنچائت کے کام نہ کرنے کی ایک بھی شکائت موصول نہیں ہونی چاہئیے ۔
انہوں نے متعلقہ افراد کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ 1092 گرام پنچائتوں میں پہلے سے قائم انٹر نیٹ سہولیات کی فعالیت اور افادیت کی جانچ کریں اور افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس یا گوگل میٹ کے ذریعہ بات چیت کر کے باقاعدہ بنیادوں پر جانچ کریں ۔
چیف سیکرٹری نے متعلقہ افراد کو قریبی تال میل اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے کی بھی ہدایت دی تا کہ بھارتی براڈ بینڈ اسکیم کا دوسرا مرحلہ جموں کشمیر میں آسانی سے آگے بڑھے جس کے تحت گرام پنچائتوں کو انٹر نیٹ کنکٹیوٹی فراہم کی جائے ۔
سیکرٹری آئی ٹی نے بھارت نیٹ پروجیکٹ مرحلہ اوّل کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نیٹ پروجیکٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نیٹ پراجیکٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور بتایا کہ پراجیکٹ کے فیز 1 کو ہموار طریقے سے نافذ کرنے کیلئے تیاری کے اقدام کے طور پر آر ڈی ڈی سے پہلے سے متعلقہ معلومات طلب کی گئی ہیں ۔