سری نگر،12 اپریل:
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق جموں وکشمیر میں لوگوں کو گرمی کی شدت سے قدرے راحت نصیب ہونے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ہوائیں داخل ہونے کے زیر اثر دن کے درجہ حرارت میں 4 سے5 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی واقع ہونے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مغربی ہوائیں داخل ہونے سے جموں وکشمیر کے بیشتر مقامات پر 12اپریل کی شام سے 14 اپریل تک ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس موسمی تبدیلی سے دن کے درجہ حرارت میں 4 سے5 ڈگری سینٹی کی کمی واقع ہونے کی بھی توقع ہے۔ادھر وادی میں گرچہ منگل کے روز مطلع ابر آلود رہا تاہم شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہی ریکارڈ ہوا۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے6.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہونے سے کسان طبقے سے وابستہ لوگوں کو گونا گوں خدشات لاحق ہوگئے ہیں۔ماہرین کے مطابق درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہونے سے آنے والی مہنیوں نے پانی کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔ (یو این آئی)
