جموں،14 اپریل:
سیکورٹی فورسز نے جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے گھاٹ علاقے میں بدھ کی شام ایک آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ کے گھاٹ علاقے میں بدھ کی شام مشتبہ مواد موجود ہونے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم جائے موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں سیکورٹی فورسز نے اس جگہ سے ایک آئی ای ڈی بر آمد کی جس کو ایک بیگ میں رکھا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اس آئی ای ڈی کو بعد میں بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔ (یو این آئی)