سری نگر،21اپریل :
جموں وکشمیر کے ریاسی ضلع کے انگرالا علاقے میں ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں تین مسافر وں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر کو ریاسی ضلع کے انگرالا علاقے میں ٹاٹا سومو زیر نمبر (JK20-7607) ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر ہیلتھ سینٹر منتقل کیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے تین زخمیوں کو مردہ قرار دیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں زخمی ہوئے چھ میں سے تین افراد کو نازک حالت میں ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیا گیا ہے۔
مہلوکین کی شناخت 35 سالہ غلام محی الدین ولد عبدل صمد ، شبیر احمد ولد عبدالرحمن اور محمد یوسف ولد عبداللہ ساکنان ٹکسن کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔(یو این آئی)