سری نگر،یکم مئی (یو این آئی) وادی کشمیر میں موسمی صورتحال میں بہتری واقع ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
متعلقہ محکمے کے مطابق 3 مئی کوگرچ چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجبکہ گزشتہ شب 12.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.6ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
وادی میں امسال سرما کے دوران کم برف باری ہونے اور بعد ازاں بارشیں نہ ہونے اور درجہ حرارت معمول سے زیادہ درج ہونے سے خشک سالی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
متعلقہ حکام نے شمالی کشمیر کے درجنوں دیہات کو امسال دھان کی فصل کاشت کرنے سے اجتناب کرنے کی صلاح دی ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر میں امسال ماہ مارچ میں بارش کی 80 فیصد کمی درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں ماہ مارچ میں مجموعی طور پر 21.3 بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول کےمطابق 117.6 ملی میٹر ریکارڈ ہونی چاہئے تھی۔
اسی طرح سرمائی دارلحکومت جموں میں ماہ مارچ میں مجموعی طور پر ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جو معمول کے مطابق 68 ملی میٹر درج ہونی چاہئے تھی۔