سری نگر، 9 مئی:
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں و کشمیر میں آنے والے دنوں میں سخت گرمی پڑنے کا امکان ہے۔
متعقلہ محکمے کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں آنے والے دنوں میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ صوبہ جموں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا احتمال ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران دو پہر کے بعد کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بوندا باندی متوقع ہے لیکن اس سے درجہ حرارت میں کوئی فرق واقع نہیں ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 13 سے15 مئی تک گرمی کی شدت کافی بڑھ سکتی ہے۔
دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 13.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہیں، میں کم سے کم درجہ حرارت5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت12.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ (یو این آئی)