سری نگر،9 مئی :
جموں وکشمیر کے بارہ مولہ ضلع کے پٹن علاقے میں سہ پہر کو تیز ہوائیں چلنے سے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر کو شمالی ضلع بارہ مولہ کے پٹن تحصیل میں اچانک موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی طوفانی ہوائیں چلنے سے خوف و ہراس کا ماحول پھیل گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پٹن کے سلطان پورہ ، ماگرے پورہ ، ٹینگ پورہ ، گوشہ بوگ ، وسن ، شربوگ ، اندر گام ، ژندر ہامہ او رلولی پورہ کے ساتھ ساتھ گنڈ بل اور ہامرے میں بھی طوفانی آندھی کے باعث کئی درختوں کی ٹہنیاں ٹوٹ گئیں۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ ان علاقوں میں کئی منٹوں تک تیز آندھی چلی تاہم اس دوران نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
بتادیں کہ گزشتہ شام جنوبی ضلع اننت ناگ میں بھی تیز آندھی کے باعث کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔
سریگفوارہ اننت ناگ میں تیز آندھی چلنے سے ایک درجن کے قریب درخت نیچے گر آئے جبکہ اس دوران ایک درخت فاروق احمد پرے کے رہائشی مکان پر گرآیا جس وجہ سے مکان جزوی طورپر نقصان پہنچا ہے۔(یو این آئی)