سری نگر،10 مئی :
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے پنڈوشن گاؤں میں گذشتہ شب تصادم کے ابتدائی مرحلے کے دوران زخمی ہونے والا عام شہری منگل کی صبح یہاں ایک فوجی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا جبکہ دو دیگر زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
تاہم ذرائع کے مطابق جنگجو جائے تصادم سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کا آپریشن روک دیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے پنڈوشن گاؤں میں گذشتہ شب تصادم کے دوران ایک فوجی جوان اور دو عام شہری زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے فوری طور پر فوج کے 19 بیس ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک شہری منگل کی صبح زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
متوفی کی شناخت شاہد غنی ڈار ولد عبدالغنی ڈار ساکن پنڈوشن کے بطور ہوئی ہے۔
دیگر دو زخمیوں کی شناخت سپاہی سنجیو داس اور عام شہری شعیب احمد منٹو کے بطور ہوئی ہے جن کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے گذشتہ شب اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا: ’ابتدائی سرچ آپریشن کے دوران جنگجوؤں نے شہریوں پر فائرنگ کرکے جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی جس دوران دو عام شہری زخمی ہوگئے‘۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا تھا: ’دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے‘۔(یو این آئی)