سری نگر،17 مئی:
کشمیر زون پولیس کے انپسکٹر جنرل وجے کمار منگل روز شیخ پورہ کالونی بڈگام پہنچے اور وہاں بر سر احتجاج کشمیری پنڈتوں کے ساتھ بات کی۔
انہوں نے وہاں موجود کشمیری پنڈتوں کو آنے والے دنوں میں بہتر سیکورٹی کور کی فراہمی کی یقین دہانی کی۔
موصوف انپسکٹر جنرل نے احتجاجیوں سے بات کرتے ہوئے کہا: ’آپ لوگوں کو ڈرنا نہیں ہے بلکہ حوصلہ رکھنا ہے کیونکہ پاکستانی اور دہشت گرد یہی چاہتے ہیں کہ آپ لوگ ڈر جائیں‘۔
انہوں نے کہا: ’ہر کسی کو پولیس، فوج یہاں تک کہ نمقامی لوگوں کو بھی دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہے‘۔
مسٹر کمار نے احتجاجیوں سے تاکید کی کہ ایسا کچھ بھی نہ کریں جس سے ہمارے دشمن کو فائدہ پہنچے۔
انہوں نے کہا: ‘آپ کو کشمیر سے باہر نکالنا ملی ٹنٹوں اور ان کے آقاؤں کا منصوبہ ہے اس کو ہم نے مل کے ناکام بنا دینا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ‘میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کشمیری پنڈتوں کی حفاظتی نظام میں اگر کوئی کمی ہوگی تو اس کو دور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سے دہشت گردی کا بہت جلد خاتمہ کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ چاڈورہ بڈگام میں 13 مئی کو ایک کشمیری پنڈت ملازم کی مشتبہ جنگجوؤں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد وادی میں پنڈت برادری سے وابستہ لوگ مسلسل بر سر احتجاج ہیں۔ (یو این آئی)