سری نگر،18مئی:
معاشرے سے منشیات کی وبا کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایک خاتون سمیت تین منشیات اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ اشیا کے علاوہ زائد از ساڑھے پانچ لاکھ روپیے نقدی بر آمد کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے کپوارہ کے دیور لولاب علاقے میں ایک شخص کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہ مذکورہ شخص کی تحویل سے تلاشی کے دوران 12 کلو چرس جسیا مواد اور5 لاکھ 60 ہزار روپیے نقدی بر آمد کئے گئے۔
گرفتاد شدہ منشیات اسمگلر کی شناخت محمد شفیع گوجری کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ کپوارہ میں ہی پولیس اور فوج نے لائن آف کنٹرول(ایل او سی) گیٹ کے نزدیک معمول کی چیکنگ کے دوران ایک خاتون اور اس کے ساتھی سے براؤن شوگر کے دو پاکیٹ بر آمد کئے اور دونوں کو حراست میں لیا گیا۔
ان کی شناخت گلہ بیگم زوجہ رشید خان ساکن دادر کنڈیان اور تنویر خان ولد نصیر خان ساکن کنڈیان کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں نے ایل او سی گیٹ کھیتی باڑی کرنے کے بہانے پر پار کیا لیکن جب وہ واپس لوٹے تو ان کی تحویل سے منشیات کے دو پاکیٹ بر آمد کئے گئے جن کا وزن 1.75 گرام ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔