سرینگر 20 مئی:
لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج جموں کشمیر انٹیگریٹڈ گریونس ریڈیس اینڈ مانیٹرنگ سسٹم ( جے کے آئی جی آر اے ایم ایس ) کے درخواست دہندگان کے ساتھ بات چیت کی اور سول سیکرٹریٹ میں ’’ ایل جی کی ملاقات ‘‘ براہ راست عوامی شکایات کی سماعت کے پروگرام کے دوران ان کی شکایات کا ازالہ کیا ۔
لفٹینٹ گورنر نے متعدد درخواست گزاروں کی شکایات کو دور کرنے کیلئے موقع پر ہی ہدایات بھی دیں ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ انتظامیہ کو ایک خدمت فراہم کنندہ ہونے کے ناطے لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے خود کو تیار کرنے اور لیس کرنے کی ضرورت ہے ، لفٹینٹ گورنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ پوری دیانتداری ، عزم اور غیر متزلزل وفاداری کے ساتھ لوگوں کی خدمت کیلئے موثر ردِ عمل کے طریقہ کار کو یقینی بنائیں ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ آج ہمارا شکایات کے ازالے کا طریقہ کار زیادہ لچکدار اور جوابدہ ہے ۔ شہری حکمرانی کے مرکز میں ہیں اور ان کی شکایات کو منصفانہ ، شفاف اور بہتر طریقے سے نمٹایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے ۔ آئی جی آر اے ایم ایس کے ذریعہ متعلقہ محکمہ کے عملے کی باقاعدہ واقفیت کی جا رہی ہے ۔
گاندر بل کی ایک رقیہ حسن کو آر بی اے سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں تاخیر کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے ڈپٹی کمشنر گاندر بل کو اس تاخیر کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ۔
تمام ڈپٹی کمشنروں کو مزید ہدایت دی گئی کہ وہ پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے تحت پہلے سے طے شدہ ٹائم لائینز کی خلاف ورزی سے متعلق ڈیٹا ایک ہفتے کے اندر اندر مختلف عوامی خدمات میں توسیع اور شکایات کے ازالے کیلئے جمع کرائیں ۔
سرینگر سے تعلق رکھنے والے فاروق احمد کے اپنے علاقے میں کھیل کے میدان کی کمی کے حوالے سے مسئلہ سُنتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ فزیبلٹی کے مطابق علاقے کے قریب مناسب جگہ تلاش کرنے کے امکانات تلاش کریں ۔
کٹھوعہ کی تحصیل رام کوٹ کی پنچائت مکوال سے تعلق رکھنے والے گردھاری لال کی شکایت پر ان کی علاقے میں تعمیر شدہ واٹر پمپ ہاوس شروع کرنے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ نے لفٹینٹ گورنر کو آگاہ کیا کہ اسے مقررہ مدت میں فعال کیا جائے گا ۔
ایس ٹی سرٹیفکیٹ کے اجراء سے متعلق شیخ نظام دین کی شکایت کا جواب دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سرٹیفکیٹ پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے ۔ درخواست گذار نے حکام کی جانب سے فوری جواب ملنے پر لفٹینٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا ۔
ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کارپوریشن سے چھوٹے کاروباری قرض حاصل کرنے کے ایک اور معاملے میں ریاسی سے درخواست دہندہ سریش کمار نے بتایا کہ جے کے اگرامس پر شکایت درج کرنے کے ایک ماہ کے اندر اس مسئلے کو حل کر لیا گیا تھا ۔
لفٹینٹ گورنر نے کمشنر /سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود محترمہ شیتل نندا کو ہدایت دی کہ وہ ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی کارپوریشن سے کاروباری قرضوں کے ایسے تمام معاملات کی پریشانی سے پاک کارروائی کو یقینی بنائیں ۔
اسی طرح آج کے ایل جی کے مکاتب پروگرام میں پیش کی گئی دیگر مختلف شکایات پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز نے لفٹینٹ گورنر کو شکایات کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔
لفٹینٹ گورنر نے ملاقات کے پروگرام کے دوران عوام کی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل کا جائیزہ لیتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو خدمات کی فراہمی کو آسان اور تیز تر بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شکایات کی وجہ کو کم کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو پالیسیوں اور طریقہ کار میں ترمیم کرنی چاہئیے ۔
محترمہ ریحانہ بتول کمشنر /سیکرٹری عوامی شکایات نے چئیر کو جے کے ۔ اگرامس پر موصول ہونے والی شکایات کی پیش رفت اور صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ۔
چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زراعت اتل ڈولو ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ آر کے گوئل ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، انتظامی سیکریٹریز ، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ، پولیس سپرنٹنڈنٹس ، محکموں کے سربراہان اور دیگر سینئر افسران بات چیت کے دوران ذاتی طور پر اور ورچول موڈ کے ذریعے موجود تھے ۔