سری نگر،30 مئی:
جنوبی ضلع پلوامہ کے گنڈی پورہ (پنگلنہ) گاؤں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین دوران شب چھڑنے والے تصادم میں جیش محمد سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے اس انکاؤنٹر کے متعلق میڈیا کو بتایا کہ پولیس کو خبر ملی تھی کہ پلوامہ کے گنڈی پورہ علاقے میں جیش محمد کے دو مقامی جنگجو چھپے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خبر ملتے ہی پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ محاصرہ ڈالتے ہی فائرنگ شروع ہوگئی اور اس کے بعد اندھیرا ہوگیا جس کی وجہ سے رات کو آپریشن روک دیا گیا اور تمام عام شہریوں کو نکالا گیا۔
مسٹر کمار نے کہا کہ پیر کی صبح کو فائرنگ دوبارہ شروع ہوگئی جس دوران جیش محمد سے وابستہ دو جنگجوؤں کو مارا گیا۔
انہوں نے مہلوک جنگجوؤں کی شناخت ثاقب اور عابد کے بطور کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ہمارے ایک پولیس اہلکار ریاض احمد کی ہلاکت میں ملوث تھے۔
قبل ازیں کشمیر زون پولیس ہینڈیل کے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ پلوامہ تصادم دو جنگجو مارے گئے اور ان کی تحویل سے دو اے کے47 رائفلیں بر آمد کی گئیں۔
بتادیں کہ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے گذشتہ شام اہنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ اس محاصرے میں جیش محمد سے وابستہ دو جنگجو پھنسے ہیں جو پولیس اہلکار ریاض احمد کی ہلاکت میں ملوث ہیں۔ (یو این آئی)