سری نگر،02 جون :
جنوبی ضلع کولگام میں جمعرات کے روز بینک منیجر وجے کمار کی ہلاکت پر مقامی لوگوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چار روز قبل ہی وجے کمارکو آہرو موہن پورہ کولگام کے علاقائی دیہاتی بینک برانچ میں تعینات کیا گیا تھا۔اُن کے مطابق وجے کمار انسان دوست شخصیت کے مالک تھے اور وہ لوگوں کی مدد کے لئے پیش پیش رہتے تھے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ مقتول منیجر نے صرف چار روز میں ہی اپنی شرافت اور انسان دوست رویہ کے بدولت لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا تھا۔مقامی لوگوں نے مزید کہا کہ بینک منیجر کی ہلاکت انسانیت سوز اور غیر شرعی ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چار روز قبل ہی وجے کمار کو کر ناگ بینک برانچ سے آہو کولگام ٹرانسفر کیا گیا تھا۔بتادیں کہ یکم مئی سے اب تک کشمیر میں 8 ٹارگیٹ کلنگز کے واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں تین آف ڈیوٹی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔