نئی دہلی، 3 جون:
جموں و کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے درمیان مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبال اور سکیورٹی ایجنسیوں کے سینئر افسران کے ساتھ یہاں صورتحال کا جائزہ لیا۔
مسٹرشاہ کی صدارت میں جمعہ کو نارتھ بلاک میں دو مرحلوں میں تقریباََچار سے پانچ گھنٹے سے زیادہ چلی میٹنگ میں آئندہ امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کے لیے حفاظتی انتظامات اور ضروری سہولیات پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسٹر سنہا اور مسٹر ڈوبال کے علاوہ میٹنگ میں آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا، انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر اروند کمار ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ ، بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ ، جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔
انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سکیورٹی فورسز کے سربراہوں نے مسٹر شاہ کو وادی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وادی میں گزشتہ چند دنوں سے جاری ٹارگٹ کلنگ سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔ سکیورٹی اداروں کے سربراہان نے بھی حملوں اور قتل کے واقعات کے تجزیے سے متعلق معلومات اور اس سے منسلک پہلوؤں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق وادی میں گزشتہ چند دنوں سے پیدا ہونے والے خوف کے ماحول کو لے کر حکومت متحرک ہے اور جلد از جلد حالات کو معمول پر لانے کے لیے تمام اقدامات اٹھانے پر غور کر رہی ہے۔ (یو این آئی)
