جموں، 8جون:
سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر جہاں تمام تر انتطامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے وہیں سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر جگہ جگہ چیکنگ پوائنٹ قائم کئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی تلاشی لی جاری ہے۔
جمو ں صوبے میں جگہ جگہ ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے جہاں پر سری نگر سے جموں آنے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں میں مالکان مکان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کرایہ داروں کے بارے میں فوری طورپر تفصیلات متعلقہ پولیس تھانوں میں جمع کریں۔
انہوں نے کہا کہ اضافی پیرا ملٹری فورسز کے اہلکار پہلے ہی وارد کشمیر ہوئے ہیں اور اُنہیں جنوبی کشمیر کے حساس علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔
بھگوتی نگر جموں سے لے کر پوترا گھپا تک جگہ جگہ فورسز اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
ذرائع نے کہا کہ امر ناتھ یاترا کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے جبکہ وادی بھر میں سیکورٹی فورسز کو رات کا گشت تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سالانہ امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر میٹنگیں منعقد ہو رہی ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ بھگوتی نگر سے لے کر پوترا گھپا تک جتنے بھی حساس علاقے وہاں پر تین دائروں والی سیکورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے۔
جموں میں گزشتہ ایک ہفتے سے ڈرونز کے ذریعے بارودی مواد کو اس طرف بھیجا گیا اگر چہ سیکورٹی فورسز نے ہمسایہ ملک کے منصوبے کو ناکام بنایا تاہم اس طرح کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی طرف سیکورٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق جموں میں بین الاقوامی کنٹرول لائن اور اُس کے آس پاس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں جبکہ سرحدوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کو بھی مشکوک نظر آنے والے افراد کے بارے میں فوری طورپر پولیس کو مطلع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دریں اثنا جموں میں اے ڈی جی پی مکیش سنگھ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ کے دوران جموں صوبے میں سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی جبکہ بھگوتی نگر اور اُس کے آس پاس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرنے کو بھی ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔
بتادیں کہ دو برس کے بعد امر ناتھ یاترا شروع ہونے جارہی ہے اور توقع کی جارہی ہیں کہ اس سال ریکارڈ توڑ یاتری پوترشیو لنگم کے درشن کی خاطر وارد وادی ہونگے ۔ (یو این آئی)
