نئی دہلی،17جون:
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مرکزی حکومت کے ذریعہ اگنی پتھ منصوبہ کے تحت پہلے سال میں دو سال کی چھوٹ دے کر داخلے کی زیادہ سے زیادہ عمر کو 21 سال سے بڑھا کر 23 سال کرنے کا ہمدردانہ فیصلہ لینے کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے اپنے ٹویٹس کے ذریعے کہا ہے کہ فوجی میں بھرتی کا عمل گزشتہ دو سالوں سے کووڈ-19 وبائی امراض کی وجہ سے متاثر ہوا تھا، اس لیے وزیر اعظم نریندر مودی نے اگنی پتھ اسکیم میں ان نوجوانوں کی فکر کرتے ہوئے پہلے سال عمر کی حد میں دوسال کی رعایت دے کر زیادہ سے زیادہ داخلے کی عمر 21 سال سے 23 سال کرنے کا ہمدردانہ فیصلہ کیا ہے۔جناب امت شاہ نے کہا کہ“ اس فیصلے سے نوجوانوں کی بڑی تعداد کو فائدہ پہنچے گا اور ’اگنی پتھ یوجنا‘کے ذریعے وہ قوم کی خدمت اور روشن مستقبل کی طرف بڑھیں گے۔ میں اس کے لیے جناب نریندر مودی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ دنوں فوج میں بھرتی کے لئے ’اگنی پتھ منصوبہ‘ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت17سے21سال کی عمر کے نوجوانوں کو فوج میں چار سال کے لئے داخلہ دیا جائے گا۔۔ حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے نوجوان سڑکوں پر اتر گئے ہیں۔ کئی ریاستوں میں مظاہرہ کررہے نوجوانوں نے ٹرین اور دوسری سرکاری جائیدادوں کو آگ کے حوالے کردیا ہے۔
