جموں 17جون:
جموں و کشمیر کے ڈوڈہ کے بھدرواہ قصبے میں نویں دن بھی کرفیو جاری ہے ،جبکہ احتیاطی اقدام کے طور پر جمعہ کی نماز سے قبل ضلع بھر کی مساجد کے باہر اضافی فورسز کو تعینات کیا گیا تھا ۔ بھدرواہ شہر میں کرفیو 9 جون کو بی جے پی کی برطرف ترجمان نپور شرما کی طرف سے پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازعہ ریمارکس اور اس کی حمایت میں مقامی دائیں بازو کے کارکنوں کی طرف سے کچھ سماجی پوسٹس کے خلاف احتجاج کے تناظر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے بعد نافذ کیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ شہر میں کل پانچ گھنٹوں کے لیے کرفیو میں دو بار نرمی دی گئی تھی – صبح 9 بجے سے 12 بجے اور سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک – گزشتہ ہفتے جمعرات کویہ مدت بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے پرامن طور پر گزری۔ حکام نے بتایا کہ سینئر پولیس اور سول افسران نے صورتحال کا جائزہ لیا اور جمعہ کی نماز کے دوران کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے قصبے میں بغیر کسی نرمی کے کرفیو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔کرفیو میں نرمی کرنے کا فیصلہ بعد میں نماز جمعہ کے پرامن اختتام کے بعد لیا جائے گا۔
حکام نے مزید کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر ڈوڈہ میں ضلع بھر کی مساجد کے باہر اضافی دستے تعینات کیے گئے تھے۔ مقامی پولیس اسٹیشن میں تین ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گزشتہ ہفتے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے الزام میں ایک شخص کو پہلے گرفتار کیا گیا اور بعد میں نو دیگر اور افراد کو حراست میں لیا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ بھدرواہ میں کئی مقامات پر چھاپوں کے باوجود گرفتاری سے بچنے والے ملزم کے گھر پر ایک لک آؤٹ نوٹس بھی چسپاں کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے انجمن اسلامیہ نے فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دینے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اب تک صرف ایک برادری کے لوگوں کو گرفتار یا حراست میں لیا گیا ہے لیکن دوسری برادریوں سے تعلق رکھنے والے، جنہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے لوگوں کو مشتعل کیا تھا، انہیں فی الحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک نے پیشگی ضمانت کی درخواست کی ہے۔
دریں اثنا، جموں ضلع میں بھی، پولیس اہلکاروں کو مساجد کے باہر اس ہدایت کے ساتھ تعینات کیا گیا تھا کہ نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر احتجاج کی اجازت نہ دی جائے۔ گجر نگر، تالاب کھٹکان اور بھٹنڈی سمیت شہر کے مختلف حصوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیغمبر اسلام کے بارے میں تبصرے کے خلاف احتجاجی مظاہرے دیکھنے میں آئے۔
