احمد آباد، 18 جون:
وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کی صبح اپنی ماں ہیرا بین سے آشیرواد لینے گھر پہنچے۔ ہیرا بین اپنے 100ویں سال میں داخل ہو گئی ہیں۔ وزیر اعظم گجرات کے دورے پر ہیں۔ رات بھر راج بھون میں قیام کے بعد وہ ایک عام آدمی کی طرح اپنی ماں سے ملنے صبح 6.30 بجے پہنچے۔
وزیراعظم نے والدہ کے ساتھ آدھے گھنٹے سے زائد وقت گزارا۔ وہ اپنی ماں کے لیے خصوصی تحفہ لے کر پہنچے۔ انہوں نے ماں ہیرا بین کو لڈو کھلائے اور انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے ماں کے پاؤں دھوئے اور ان کا آشیرواد لیا۔ وزیر اعظم مودی نے ماں کی رہائش گاہ پر خصوصی پوجا بھی کی۔ وزیر اعظم کے جانے کے بعد سوسائٹی میں پرساد بھی تقسیم کیا گیا۔ اپنی ماں کا آشیرواد لینے کے بعد وزیر اعظم مودی ہیلی کاپٹر سے پاوا گڑھ روانہ ہوئے۔ وہ پاوا گڑھ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے۔
ہیرا بین کے صد سالہ سال میں داخل ہونے کی خوشی میں احمد آباد کے جمال پور واقع جگن ناتھ مندر میں سادھو سنیاسیوں اور کچھ خاندانوں کے لیے ایک چھوٹے سے بھنڈارا کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ بھنڈارا میں دال، چاول، پوری اور مالپوا پروسا (پیش) کیا جائے گا۔ مندر کے مہنت دلیپ داس جی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی ماں ہیرابا کے خاندان والے بھی بھنڈارا میں شرکت کریں گے۔
