سرینگر20جون:
محکمہ موسمیات سری نگر مرکز نے پیر کو جموں و کشمیر میں 22جون تک وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔اس دوران پیر کے روز ٹنل کے آرا پار موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارشیں بھی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور سردی بھی محسوس ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نےبتایا کہ منگل کی سہ پہر سے بدھ کی سہ پہر تک جنوبی کشمیر اور جموں خطہ کے "کئی مقامات” پر تیز ہلکی بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیر کے بکھرے ہوئے مقامات اور جموں کے الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش کے ساتھ موسم ابر آلود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ 22 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے تاہم 23جون کے بعد مجموعی طور پر بہتری آئے گی۔پیر کیے روز ٹنل کے آر پار اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں ہوتی رہی ہے جبکہ پورے دن موسم ابر آلود رہا ہے ۔
امر ناتھ کے نزدیک پہاڑوں اور باتل کے ساتھ ساتھ گلمرگ کی پہاڑیوں پر ہلکی برف باری دیکھی گئی ہے مزکورہ علاقوں میں شدید سردی محسوس کی گئی ہے ۔دریںمحکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے دو دنوں کے دوران بھی موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران4.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے5.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
