سری نگر،21 جون :
کرناہ کے ایک درجن سے زیادہ سرکردہ سیاسی اور سماجی کارکنوں نے آج سری نگر میں واقع پارٹی کے صدر دفتر پر جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔ ڈی ڈی سی کپواڑہ کے وائس چیئرمین حاجی فاروق ،ایڈوکیٹ سلیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پارٹی میں شامل ہونے والوں میں ریٹائرڈ ہیڈ مسٹریس اور کرناہ سے ڈی ڈی سی کی امیدوار کنیز فاطمہ، نظام الدین، میر حیدر شاہ، محمود احمد، بشیر حسین شاہ، آصف حسین شاہ، بشارت حسین شاہ، صفیہ فاطمہ، خاتون فاطمہ، اختر احمد ، سجاول حسین اور اعجاز شاہ سمیت دیگر کارکنان شامل ہیں۔
پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے پارٹی کو کرناہ کے لوگوں تک پہنچنے ، ان کی خدمت کرنے اور ان کی بہتری کے لئے ممکنہ حد تک کام کرنے میں مزید مدد ملے گی۔
اس موقعے پر سجاد غنی لون نے کہا کہ’’میں پیپلز کانفرنس میں کنیز فاطمہ صاحبہ اور دیگر معزز سیاسی کارکنان کا تہہ دل سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ ان کی شمولیت سے پارٹی کو سیاسی سطح پر کافی فائدہ پہنچے گا ۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ امید کرتا ہوں کہ یہ قائدین عوام کی بہتری کے لئے انتھک کوششوں میں مصروف رہیں گے اور کرناہ کی سیاست اور فلاح و بہبود میں ایک مثبت کردار ادا کریں گے ۔کرناہ کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکامی پر سابقہ حکومتوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے سجاد لون نے کہا کہ سابق سرکاروں نے کرناہ کو ترقیاتی محاذ پر مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے۔
لون نے کہا کہ پیپلز کانفرنس اس دور دراز خطے کے لئے اقتصادی ترقی کے حوالے کوششوں میں مصروف رہے گی اور یہ کہ اگر پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو کرناہ کے لوگوں کے خدشات کو ترجیحی طور پر دُور کیا جائے گا ۔
کنیز فاطمہ نے پیپلز کانفرنس میں شمولیت پر اپنی بے پناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی کی پالیسیوں کے عین مطابق عوام کی خدمت کرنے کا صدقِ دل سے عہد کرتی ہوں ۔۔۔ انہوں نے کہا کہ
کرناہ کے لوگوں کا پیپلز کانفرنس اور اس کی قیادت کے ساتھ ایک طویل وابستگی ہے اور بلا شبہ پیپلز کانفرنس کرناہ کے لوگوں کی سب سے مضبوط آواز بن کر اُبھرے گی۔
