جموں، 22 جون :
وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصّوں کے ساتھ جوڑنے والی جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ بدھ کو مسلسل دوسرے دن بھی گاڑیوں کی آمدرفت کے لئے بند رہی۔ جموں و کشمیر میں تین روز سے ہو رہی موسلا دھار بارش اور برفباری سے قومی شاہراہ پراودھمپور ,سمرولی اور رامبن ضلع کے درجنوں مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔
حکام نے بتایا ’’مغل روڈ پر جو جموں خطہ کے دو اضلاع پونچھ اور راجوری کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع سے جوڑتا ہے، کو بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے معطل کر دیا گیا تھا‘‘۔ ایک ٹریفک اہلکار نے بتایا، ’’جموں سری نگر ہائی وے رامبن ضلع میں کئی مقامات پر تازہ پتھراو اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہے‘‘۔ منگل کو پنتھیال میں پہاڑی سے پتھر گرنے کی وجہ سے ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ ہائی وے کو صاف کرنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر بیٹری چشمہ کی صورتحال خراب ہے کیونکہ اس میں پھنسی بھاری گاڑیوں کو صاف کرنے کو یقینی بنانے کے لیے بہت زیادہ کیچڑ صاف کرنا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، 1,000 سے زیادہ گاڑیاں ہائی وے کے ساتھ مختلف مقامات پر پھنسی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغل روڈ پوشانہ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہے اور چنی نالہ پر ایس ایس جی روڈ بلاک ہے اور انہیں صاف کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم، موسلا دھار بارش صفائی کے کام میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
