سرینگر،22جون:
صدرِ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ(رکن پارلیمان) نے وادی، خطہ چناب اور پیرپنچال میںمسلسل اور موسلا دھار بارشوں، بادل پھٹنے اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ہوئے مالی اور جانی نقصان پر نہایت رنج و الم اور دکھ کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ پر زور دیا کہ کئی مقامات پر پھنسے ہوئے کنبوں کو نکالنے کیلئے بچائو کارروائیوں میں تیزی لائی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جاسکے۔
انہوں نے انتظامیہ کی اُن کوششوں کی بھی سراہنا کی، جن میں کولگام کے ویشو نالہ میں پھنسے 7کنبوں کے 50افراد اور دیگر مقامات پر پھنسے افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حکومت پر زور دیا کہ اُن لوگوں کی امدادکاری اور بازآبارکاری کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں جن کے مکانات سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ڈھہ گئے اور ایسے کنبوں کیلئے عارضی قیام و طعام کا بھی بندوبست کیا جائے جن کے مکانات اور رہائشیں ناقابل رہائش ہو گئے ہیں۔
انہوں نے سیلابی ریلوں سے منقطع ہوئے سڑکوں رابطوں اور منہدم ہوئے پلوں کی فوری مرمت کی جائے کیونکہ سڑک رابطوں کے ہونے سے ہی ریلف اور راحت کاری کے اقدامات ممکن ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کیلئے خصوصی مالی امداد کا اعلان کیا جانا چاہئے جن کے مال مویسی سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سرینگر جموں شاہراہ کی فوری بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کی بھی اپیل کی اور ساتھ ہی نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے پمپ نصب کرنے پر زور دیا۔
پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی، ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، اراکین پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون، جسٹس (ر)حسنین مسعودی، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور شمالی زون صدر جاوید احمد ڈار نے بھی موسم کی قہرسامانیوں سے ہوئے نقصان پر صدمے کا اظہار کیا اور تمام ضلعی انتظامیوں سے اپیل کی ہے کہ متاثرین کی فوری امدادکاری اور بازآبادکاری کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔