جموں ، 23 جون:
جموں سرینگر قومی شاہراہ جمعرات کو مسلسل تیسرے دن بھی گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند رہی۔حکام کا کہنا ہے کہ رامبن اور ادھم پور اضلاع میں شدید بارش اور متعدد مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے سڑک کی صفائی کرنے والی ایجنسیوں نے موسم میں بہتری کے درمیان بحالی کے کام میں تیزی لائی ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں کئی دنوں کی شدید بارش کے بعد موسم میں بہتری کے ساتھ، وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصّوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلومیٹر طویل جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک بحال کرنے کے لیے روڈ کلیئرنس کاروائی میں تیزی لائی گئی۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ٹریفک (نیشنل ہائی وے)شبیر احمد ملک نے کہا کہ ,قومی شاہراہ پر دیول برج، ٹی 2 ٹنل، مروج 1 (سیتا رام پاسی) مروج 2، بیٹری چشمہ پر بحالی کا کام جاری ہے اور امید ہے کہ یہ مقامات آج شام تک صاف ہو جائیں گے،۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال قومی شاہراہ اور ڈوڈہ کشتواڑ سڑک پر کوئی نقل و حرکت نہیں ہے۔ دریں اثناء، ڈی وائی ایس پی ٹریفک راجوری-پونچھ نے کہا کہ مغل روڈ پر تمام سلائیڈوں کو صاف کر دیا گیا ہے اور سڑک ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے۔جبکہ کشتواڑ سنتھن شاہراہ پر بھی آمدرفت بحال کر دی گئی ہے ۔
