جموں ،27جون:
لفٹینٹ گورنر منوج سنہا جو شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ ( ایس اے ایس بی ) کے چئیر مین بھی ہیں ، نے بھگوتی نگر میں یاتری نواس کا دورہ کیا اور شری امر ناتھ جی یاترا کے یاتریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔
لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ عہدیداروں کو یاترا کے راستوں پر صحت کی سہولیات ، ڈاکٹروں ، نرسنگ سٹاف ، صفائی کے عملے ، ڈیوٹی افسران کی مناسب تعداد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔
قبل ازیں لفٹینٹ گورنر کو یاتری نواس میں پانی ، بجلی کی فراہمی ، سیوریج کو ٹھکانے لگانے ، خوراک اور آر ایف آئی ڈی کاؤنٹر کے سلسلے میں انتظامات کے علاوہ یاترا کے راستے میں سہولیات کے بارے میں متعلقہ افسران نے بریفنگ دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے بہترین انتظامات اور یاترا کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز اور بین محکمہ جاتی ہم آہنگی کی اجتماعی کوششوں پر زور دیا ۔ دورے کے دوران میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں خاندانوں کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ گذشتہ دو برسوں سے شری امر نااتھ جی یاترا کووڈ وبائی امراض کی وجہ سے منعقد نہیں ہو سکی تھی ۔ جموں خطہ اور کشمیر کے لوگوں میں اس سال بھی کافی جوش و خروش ہے اور میں دیکھ رہا ہوں کہ مقامی لوگ بھی آنے والے یاتریوں کے استقبال کیلئے تیار ہیں ۔
لفٹینٹ گورنر نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز چوکس ہیں اور یاترا کے ہموار انعقاد کیلئے مناسب انتظامات کئے ہیں اس کے علاوہ ہماری کوشش رہی ہے کہ اس سال بہترین انتظامات کئے جائیں ۔
جیسا کہ پہلے مطلع کیا گیا تھا یاترا 30 جون سے ایک ساتھ بال تل اور چندن واڑی راستوں پر شروع ہو گی ۔ ڈویژنل کمشنر جموں مسٹر رمیش کمار ، اے ڈی جی پی جموں مسٹر مکیش سنگھ ، ڈپٹی کمشنر جموں اونی لواسا ، جے ایم سی کے کمشنر مسٹر راہول یادو ، ، سول انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران لفٹینٹ گورنر کے ہمراہ تھے ۔
