سری نگر،8 جولائی:
جموں و کشمیر انتظامیہ نے پولیس سب انسپکٹروں کی حالیہ بھرتی لسٹ کو منسوخ کرکے اس میں سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کے ذریعے تحقیقات کرانے کی سفارش کی ہے۔
یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعے کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’جموں و کشمیر پولیس سب انسپکٹروں کی بھرتی کو منسوخ کیا گیا ہے اور اس سلیکشن عمل میں سی بی آئی جانچ کی سفارش کی گئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ مجرموں کو بہت جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا‘۔
ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’یہ نوجوانوں کے مستقبل کے تحفظ کو یقینی بنانے کی طرف پہلا بڑا قدم ہے اور حکومت نئی بھرتی عمل کے لئے لائحہ عمل کا جلد فیصلہ کرے گی‘۔
بتادیں کہ 4جون منظر عام پر آنے والے سب انسپکٹروں کے اس بھرتی لسٹ کے خلاف کچھ امیدواروں نے احتجاج درج کرکے الزام لگایا تھا کہ اس میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہوئی ہیں۔امیدواروں کے احتجاج کے پیش نظر حکومت نے اس کی تحقیقات کرانے کے لئے ایڈیشنل چیف سکریٹری محکمہ داخلہ آر کے گوئل کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔
![Online Editor](https://dailychattan.com/wp-content/litespeed/avatar/af2f002780574db8f4895d1039f33b41.jpg?ver=1737531978)