سری نگر،12 جولائی:
جنوبی ضلع اننت ناگ کے بوچھو کوکر ناگ علاقے میں شبانہ آتشزدگی کی ایک واردات کے دوران پانچ رہائشی مکان خاکستر ہوئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کوکر ناگ کے بوچھو علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید چار مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران پانچ مکان خاکستر ہوئے اور اُن میں موجود لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیاءکو بھی نقصان پہنچا۔فائر اینڈ ایمرجنسی ہیڈ کواٹر اننت ناگ میں تعینات ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ درمیانی رات ڈھائی بجے کے قریب کوکر ناگ کے بوچھو گاوں میں آگ نمودار ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ اچھول اور کوکر ناگ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔اُن کے مطابق آتشزدگی کی اس واردات کے دوران پانچ مکانوں کو جزوی طورپر نقصان پہنچا۔انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔