سرینگر،13جولائی:
اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے 1931 کے شہدا کو آج اُن کی 91ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شہدا نے آمریت کے خلاف اور جمہوریت کے حق میں لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
موصولہ بیان کے مطابق سید الطاف بخاری نے 13 جولائی 1931 کے شہد اکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے، "آج کا دن ہمیں ہمارے اسلاف کی اُن قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جو انہوں نے آمریت کے خلاف لڑتے ہوئے دی ہیں۔ڈوگرہ سپایہوں نے اس دن جن لوگوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا، وہ در اصل جمہوریت کے حصول کے لئے لڑرہے تھے۔ہم اُن کی قربانیوں کو فراموش کبھی نہیں کرسکتے ہیں۔ آج کا دن کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، "اپنی پارٹی 1931 کے شہدا کے مشن پر گامزن ہے کیونکہ ہم جموں کشمیر میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی بحالی کے لئے لڑرہے ہیں۔”
اپنی پارٹی کے قائد نے کہا اُن کی جماعت جموں کشمیر کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے اور عوام کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار بنانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے مرکزی سرکار سے جموں کشمیر کا ریاست کا درجہ جلد از جلد بحال کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، "جموں کشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کرنا بے حد ناگزیر ہے کیونکہ اس کے بعد ہی یہاں کے عوام کے باقی جمہوری حقوق کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔”
