جموں، 15 جولائی:
جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں جمعے کی صبح ایک فوجی کیمپ میں پر اسرا فائرنگ کے واقعے میں دو فوجی جوان جان بحق جبکہ دو دیگرزخمی ہوگئے ہیں ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ جمعہ کی صبح سویرے سورنکوٹ قصبے میں فوجی کیمپ کے اندر پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں کچھ فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن کی تعداد تین سے چار بتائی جاتی ہے جبکہ اس واقعہ میںدوفوجی جوان اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے کی صحیح وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم شبہ ہے کہ یہ آپسی تصادم یا حادثاتی فائرنگ کا واقعہ ہے۔ دریں اثنا، ایک پولیس افسر نے بتایا کہ وہ حقائق کا پتہ لگا رہے ہیں اور فی الحال اس معاملے پر مزید کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام حقائق جاننے کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
