سرینگر، 18 جولائی:
سیاحت کے مرکزی وزیر جی کے ریڈی نے پیر کے روز کہا کہ سال 2022 کے پہلے چھ مہینوں میں 1.05 کروڑ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا ہے۔ لوک سبھا میں مالا رائے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، مرکزی وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیاحت کا شعبہ معیشت کے بنیادی شعبوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے حکومت کی طرف سے نجی اور سرکاری شعبوں میں اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں کووڈ چیلنجوں کے باوجود سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سال 2020 میں سیاحوں کی تعداد 41267 تھی جو کیلنڈر سال 2022 کے پہلے چھ مہینوں (جنوری تا جون) کے دوران بڑھ کر 1.05 کروڑ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نے اس عرصے کے دوران تمام موسموں میں سیاحوں کی آمد دیکھی ہے اور وہ بھی اعلیٰ درجے کے سیاح، جنہیں معیاری خدمات کا اچھا تجربہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں کی اس زیادہ آمد کا براہ راست اور بالواسطہ طور پر مقامی آبادی بشمول یوٹی کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو فائدہ پہنچا ہے۔