سری نگر،19 جولائی:
جموں وکشمیر میں روز افزاں کورونا کے یومیہ معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے جس وجہ سے ایک دفعہ پھر لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
منگل کے روز جموں وکشمیر میں 333 افراد کی رپورٹ مثبت آئی جبکہ ایک مریض فوت ہوا۔پچھلے آٹھ ماہ کے بعد منگل کے روز جموں وکشمیر میں یومیہ کیسز کا ہندسہ تین سو کو پار کر گیا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں منگل کے روز 333افراد کی رپورٹ مثبت آئی جن میں 187جموں صوبے سے اور 146کشمیر صوبے سے تعلق رکھتے ہیںَ
اعداد وشمار کے ظابق جموں ضلع میں 137افراد کی رپورٹ مثبت آئی، اُدھم پور میں 20، راجوری میں تین، ڈوڈہ میں دو، کٹھوعہ میں آٹھ، سانبہ میں 14، کشتواڑ میں دو افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ۔سرکاری ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سری نگر ضلع میں 95، بارہ مولہ میں 12، بڈگام میں گیارہ ، پلوامہ میں ایک ، کپواڑہ میں نو ، اننت ناگ میں پانچ ، گاندربل میں بارہ اور کولگام میں ایک شخص کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پچھلے آٹھ ماہ کے بعد جموں وکشمیر میں یومیہ کیسز تین سو کا ہندسہ پار کر گیا ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا کے یومیہ کیسز میں اونچی چھلانگ کے باعث آنے والے دنوں کے دوران کیسوں میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے باہر آتے وقت ماسک کا استعمال کریں کیونکہ اگر کورونا سے بچنا ہے تو ماسک لگانا ناگزیر بن گیا ہے۔