ڈوڈہ،20جولائی:
جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ کی سب ڈویژن ٹھاٹھری کے پہاڑی علاقہ کاہراہ میں گزشتہ شب موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔کاہراہ کے بالائی علاقوں میں بادل پھٹنے کی وجہ سے جئی ,گوئلا نالے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔جس کے نتیجہ میں گاؤں چارواہ سیلاب کی زد میں آ گیا ۔سیلاب سے املاک اور زمین کو بھاری زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔جس میں سات رہائشی مکانات، تین دکانیں، دو آٹا چکّی ، ایک ٹی آر سی، ایک پل اور ایک نجی اسکول کی عمارت شامل ہے ۔یہ تمام املاک سیلاب کے ملبے تلے دفن ہو گئی ہے ۔ تاہم ابھی تک کسی انسانی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
کاہراہ کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب آئے سیلاب میں لوگوں کی املاک ,اور مویشیوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ ایک اسکول کی عمارت کے ساتھ ساتھ گراؤنڈ مکمل طور پر بہہ گیا ہے اور کئی مکانات اور دکانوں کا نام و نشاں باقی نہ بچا ہے۔سیلاب کی وجہ سے کاہراہ ٹانٹنا, کاہراہ ,جئی، اور کاہراہ -بھٹولی سمیت کئی اندرونی رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بادل پھٹنے سے فصلوں، پھلوں کے درختوں اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ پانی اور بجلی کا نظام بھی سیلاب کی نظر ہو گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما نے بدھ کی صبح سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا ۔اُنہوں نے کہا کہ علاقے میں گزشتہ شب بھاری بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور مذکورہ کاہراہ کے گاؤں میں بھاری سرکاری و نجی املاک کا نقصان ہوا ہے ۔تاہم کوئی بھی انسانی جانی نقصان نہ ہوا ہے۔ڈی.سی نے مزید بتایا کہ بے گھر لوگوں کی راحت کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔اور نقصان کا جائزہ لینے کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔نقصان کا تخمینہ لگانے کے بعد متاثرین کو معقول امداد فراہم کی جائے گی ۔
