جموں،20 جولائی:
بھگوتی نگر جموں بیس کیمپ سے یاتریوں کا وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع شری امرناتھ جی کی یاترا کا سلسلہ جاری رہتے ہوئے بدھ کی صبح زائد از چار ہزار یاتری پہلگام اور بالتل بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے بدھ کی صبح 4 ہزار3 سو 55 یاتری سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ 166 گاڑیوں میں پہلگام اور بالتل بیس کیمپوں کی طرف روانہ ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں سے 1 ہزار8 سو46 یاتری72 گاڑیوں میں بالتل کی طرف جبکہ2 ہزار5 سو9 یاتری 94 گاڑیوں میں پہلگام کی طرف روانہ ہوگئے۔
یاتریوں کے اس قافلے کے ساتھ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے اب تک ایک لاکھ بیس ہزار گیارہ یاتری پوتر گھپا کے درشن کے لئے روانہ ہوگئے۔بتادیں کہ سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک زائد از دو لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق30 جون سے شروع ہونے والی اس یاترا کے دوران اب تک مرنے والوں کی کل تعداد 49 ہوگئی ہے ان میں 8 جولائی کو بالتل کے نزدیک بادل پھٹنے کے واقعے کے نتیجے میں جان بحق ہونے والے15 یاتری بھی شامل ہیں۔
