سری نگر،20جولائی:
جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ معاملات میں روز افزاں اضافہ ہو رہا ہے جس وجہ سے لوگوں میں ایک دفعہ پھر فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔بدھ کے روز جموں و کشمیر میں 434 افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی جبکہ ایک مریض فوت ہوا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز جموں ضلع میں 154افراد کی رپورٹ مثبت آئی، سری نگر میں 147، کٹھوعہ میں 31، اُدھم پور میں 19، بارہ مولہ میں 16، بڈگام میں 11، ڈوڈہ میں نو ، رام بن میں نو ، پونچھ میں 8، راجوری میں آٹھ، سانبہ میں آٹھ، کشتواڑ میں آٹھ، کپواڑہ میں چار ، گاندربل میں تین، پلوامہ میں دو، بانڈی پورہ میں دو اور شوپیاں میں ایک شہری کی رپورٹ مثبت آئی۔
انہوں نے مزید کہاکہ بدھ کے روز 111مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
دریں اثنا ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پچھلے ایک ہفتے سے کورونا کے یومیہ معاملات میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ جتنے بھی نئے کیسز سامنے آر ہے ہیں ان میں زیادہ تر مریضوں کو ہوم آئسولیشن میں ہی رکھا گیا ہے۔ان کے مطابق اگر چہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں تاہم کووڈ کا کوئی بھروسہ نہیں لہذا سبھی لوگوں سے تاکید ہے کہ وہ ماسک کے ساتھ ساتھ دوسرے احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کریں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جتنے بھی نئے معاملات رپورٹ ہو رہے ہیں ان میں زیادہ تر ایسے مریض ہیں جنہیں بخار، گلے کی سوجن وغیرہ علامات پائی گئیں اور ایسے مریضوں کوگھروں میں ہی الگ تھلگ رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ کئی روز سے کورونا کے یومیہ معاملات میں اضافہ درج ہو رہا ہے۔ماہرین کے مطابق کورونا کیسز میں اضافہ چوتھی لہر کی نوید ہوسکتی ہے۔
