سرینگر، 21 جولائی :
جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ جمعرات کی رات سے رامبن ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے کے سبب ٹریفک کے لیے بند رہی۔ اس دوران جموں سے امرناتھ یاترا کے لیے روانہ ہونے والے یاتریوں کی گاڑیوں کو چندرکوٹ میں روک دیا گیا ہے۔ شاہراہ صاف ہونے تک چندرکوٹ میں انتظامیہ کی جانب سے عقیدت مندوں کے قیام و طعام سمیت تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔
رامبن ضلع کے کیلا موڑ میں کیفے ٹیریا موڑ، سیری، بیٹری چشمہ اور پنتھیال سمیت کئی مقامات پر بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے سے شاہراہ بند ہوگئی۔ کیفے ٹیریا موڑ سے پنتھیال تک 1800 چھوٹی بڑی گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ قومی شاہراہ کی بحالی کے لیے مزدور مشینوں کے ذریعے ملبہ ہٹانے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ تاہم بارش اور بار بار ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک کو صاف کرنے کے عمل میں خلل پڑ رہا ہے۔ اس دوران شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے جموں سے روانہ ہونے والے 4700 سے زیادہ امرناتھ یاتریوں کی گاڑیوں کو چندرکوٹ میں ہی روک دیا گیا ہے۔
