جموں،22 جولائی:
ناساز گار موسمی حالات اور سری نگر – جموں قومی شاہراہ کی بری حالت کے باعث جمعے کے روز بھگوتی نگر جموں بیس کیمپ سے شری امرناتھ جی یاترا معطل رہی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعے کے روز بھگوتی نگر بیس کیمپ سے کسی بھی یاتری کو کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا: ’ناساز گار موسمی حالات اور قومی شاہراہ کی بری حالت کے پیش نظر جموں سے شری امرناتھ جی یاترا معطل رہی‘۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہ کے پوری طرح سے قابل آمد و رفت بننے کی صورت میں ہی یاترا کو بحال کیا جا سکتا ہے۔ٹریفک ذرائع کے مطابق جمعے کے روز گرچہ شاہراہ یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے کھول دی گئی لیکن پہلے درماندہ گاڑیوں اور یاتریوں کی درماندہ گاڑیوں کو ہی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت ہوگی۔
قومی شاہراہ رام بن میں موسلا دھار بارشوں سے چٹانیں کھسک آنے کے باعث بدھ کی شام کو بند کر دی گئی تھی۔ماہ رواں کی دس تاریخ کو بھی یہ یاترا خراب موسمی حالات کے باعث معطل رہی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ 30 جون سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی یاترا کے دوران اب تک قریب سوا دو لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔43 دنوں پر محیط یہ یاترا 11 اگست کو رکھشا بندھن کے تہوار کے موقعے پر اختتام پذیر ہوگی۔
