چٹان ویب مانیٹرینگ
پاکستان سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلٰی قرار دیا ہے۔سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پرویز الٰہی کی درخواست منظور کر لی ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ غیر آئینی قرار دے دی ہے۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی رولنگ کے خلاف چوہدری پرویز الہیٰ کی درخواست پر منگل کی شام سماعت مکمل کی تھی جس کے بعد پہلے پانچ بج کر 45 منٹ پر فیصلہ سنانے کا کہا تھا، مگر اس کے بعد وقت تبدیل کیا گیا اور ساڑھے سات بجے کا وقت دیا تھا تاہم مقررہ وقت میں مزید تاخیر دیکھی گئی اور یہ فیصلہ تقریباً رات پونے نو بجے کے قریب سنایا گیا۔عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں مسلم لیگ ق کے مسترد ووٹوں کو شمار کرنے کا حکم دیتے ہوئے گورنر پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ وہ منگل کو ہی رات ساڑھے گیارہ بجے چوہدری پرویز الہیٰ سے حلف لیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر گورنر پنجاب حلف نہیں لے سکتے تو ان کی جگہ صدر پاکستان چوہدری پرویز الہیٰ سے حلف لیں۔مختصر فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب پرویز الہیٰ کا بطور وزیر اعلیٰ نوٹیفیکیشن جاری کریں جبکہ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام صوبائی مشیران اور معاونین خصوصی کو عہدے سے فی الفور ہٹایا جاتا ہے۔عدالت نے کہا ہے کہ اس حوالے سے تفصیلی فیصلے بعد میں سنایا جائے گا۔
