جموں ،27 جولائی :
جموں سری نگر قومی شاہراہ بدھ کی صبح رامبن ضلع میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی جس وجہ سے شاہراہ پر سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ امرناتھ یاتریوں کو لے کر کشمیر جانے والے ایک قافلے کو قومی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے چندر کوٹ میں روک دیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ضلع رامبن کے مہد میں پہاڑی سے مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ جموں خطہ کے پونچھ ضلع کو کشمیر کے شوپیاں ضلع سے جوڑنے والی مغل شاہراہ کا استعمال کریں۔ تاہم جموں سری نگر ہائی وے ابھی بھی بند ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے ہائی وے پر سفر نہ کریں۔
