نئی دہلی، 29 جولائی:
حکومت کے تھنک ٹینک نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی 7 اگست کو ہونے والی میٹنگ کی صدارت نینی آیوگ کے چیئر مین وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔ اس میٹنگ میں زراعت، صحت اور معیشت جیسے موضوعات پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔
نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی میٹنگ کے دوران تعلیم سے متعلق قومی پالیسی (این ای پی)، شہری نظم و نسق، صحت اور فصلوں کے تنوع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہونے کی توقع ہے۔ اس میٹنگ میں معیشت سے متعلق مسائل، تیل کے بیجوں، دالوں اور دیگر فصلوں میں خود کفالت کے حصول پر بھی تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔
عام طور پر نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی مکمل میٹنگ ہر سال ہوتی ہے، لیکن کورونا وبا کی وجہ سے سال 2020 میں کونسل کی میٹنگ نہیں بلائی گئی تھی۔ کونسل کی میٹنگ گذشتہ سال 20 فروری کو وزیر اعظم مودی کی صدارت میں ہوئی تھی۔ گورننگ کونسل نیتی آیوگ کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ ملک کی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیفٹیننٹ گورنر اور کئی مرکزی وزیر اس کے رکن ہیں۔
