جموں ،31 جولائی :
جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے سات سو زائد سے امرناتھ یاتریوں کا قافلہ اتوار کی صبح کشمیر کے پہلگام اور بالتل کے بیس کیمپوں کے لیے روانہ ہوا۔عہدیداروں نے بتایا کہ 31ویں قافلہ میں کُل 715 یاتری اتوار کی صبح بھاری سی آر پی ایف سیکورٹی کے درمیان 26 گاڑیوں کے قافلے میں بھگوتی نگر یاتری نواس سے روانہ ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ بالتل کی طرف جانے والے 384 عقیدت مند سب سے پہلے بھگوتی نگر کیمپ سے 14 گاڑیوں میں روانہ ہوئے اور اس کے بعد 12 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ 331 یاتریوں کو لے کر پہلگام کے لئے روانہ ہوا۔اس کے ساتھ،29 جون سے کل 142,665 یاتری وادی کے لیے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوئے ہیں۔ جس دن یاتریوں کے پہلے قافلے کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔خراب موسمی حالات کی وجہ سے مقدس گھپا کے درشن کر نے والے عقیدت مندوں کی تعداد میں گزشتہ تین دنوں میں زبردست کمی آئی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتوار کے روز بیس کیمپ جموں سے روانہ والا قافلہ گزشتہ ایک ہفتے میں یاتریوں کا سب سے چھوٹا قافلہ تھا۔جبکہ پیر کو جموں سے 3,862 یاتری امرناتھ کے لیے روانہ ہوئے ، منگل کو 2,189، بدھ کو 1,147، جمعرات کو 1,602، جمعہ کو 835 اور ہفتہ کو 573 یاتری امرناتھ کے درشن کے لئے روانہ ہوئے تھے۔اب تک جاری امرناتھ یاترا کے دوران کل 36 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جن میں سے 15 یاتری سیلاب میں ہلاک ہوئے تھے۔
