سری نگر،31جولائی:
پولیس نے ہفتہ کو شمالی کشمیر کے سوپور میں لشکر طیبہ تنظیم کے دو ہائبرڈ جنگجوئوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات فراہم کرتے ہوئے پولیس نے کہا کہ سوپور پولیس، 32 آر آر اور 92 بٹالین سی آر پی ایف نے پولیس اسٹیشن ڈانگیواچہ کے دائرہ اختیار میں واقع ہادی پورہ رفیع آباد میں ایک مشترکہ ناکا لگایا۔ ناکہ چیکنگ کے دوران دو مشتبہ افراد لوریہامہ لنک روڈ سے ہادی پورہ کی طرف آ رہے تھے، ناکہ پوائنٹ پر سیکورٹی فورسز کو دیکھ کر دونوں سڑک سے قریبی باغات کی طرف فرار ہو گئے اور سیکورٹی فورسز نے ان کا پیچھا کر کے گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے 2 پستول اور 2 پستول میگزین کے ساتھ 11 زندہ کارتوس برآمد ہوئے، ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران دونوں نے اپنی شناخت طارق وانی ولد مرحوم بشیر احمد وانی ساکن اولڈ ایئر فیلڈ، رنگریٹھ اور اشفاق وانی ولد علی محمد وانی ساکن اولڈ ایئر فیلڈ، رنگریٹھ سرینگر کے بطور کی ہے۔ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار افراد لشکر طیبہ کے ہائبرڈ جنگجو ہیں ،اور وہ سیکورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے کے لیے مسلسل موقع کی تلاش میں تھے۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 90/2022 U/S 506/IPC 7/25 IA ایکٹ 13 ULA(P) ایکٹ تھانہ ڈنگیوچہ، رفیع آباد میں درج کیا گیا ہے، مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔
