جموں، یکم اگست:
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ قصبے میں اتوار کو دیر رات گئے موسلادھار بارش کی وجہ سے آئے سیلاب میں مکانات، گاڑیوں اور دیگر املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ تاہم اس سیلاب میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہنے والی موسلادھار بارش کے بعد سیلابی ریلہ آیا اور قصبہ میں نکاسی آب کی نالیاں بند ہونے کی وجہ سے طوفانی سیلاب میں مزید اضافہ ہوا۔ اس وجہ سے املاک کو بھاری نقصان پہنچا۔ سیلابی ریلے میں کئی گاڑیاں بہہ گئیں جبکہ سیلاب کے پانی نے کئی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو کر تمام ساز و سامان کو نقصان پہنچایا۔ انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ابھی تک اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ افسر نے مزید کہا کہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔