جموں،2 اگست:
سرحد پار سے دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوششوں کے درمیان سرحد عبور کرنے والے ایک پاکستانی ڈرون کو سرحدی محافظوں نے فائرنگ کرکے واپس جانے پر مجبور کیا۔ پیر کی رات پاکستانی ڈرون کا پیچھا کرنے کے بعد منگل کی صبح سرحدی علاقے میں بارڈر سیکورٹی فورس اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں نے تلاشی مہم شروع کی تھی۔
پیر کی رات 10.45 بجے کے قریب کناچک میں بین الاقوامی سرحد کے قریب آسمان پر پاکستانی ڈرونز کی روشنی دیکھ کر سرحدی محافظ حرکت میں آگئے۔ ڈرون جیسے ہی سرحد کے قریب پہنچا سرحدی محافظوں نے اسے نشانہ بناتے ہوئے گولیاں برسانا شروع کر دیں۔ فائرنگ کے بعد پاکستانی ڈرون واپس اپنی حدود میں چلا گیا۔
پاکستان اکثر اس سمت میں اسلحہ، منشیات بھیجنے کی نیت سے ڈرون بھیجتا ہے۔ ایسے میں منگل کی صبح بارڈر سیکورٹی فورس، پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی۔ سرحد پر روزانہ تلاشی لی جارہی ہے۔سرحد پر دراندازی کو روکنے کے بعد پاکستان اپنی ڈرون سرگرمیاں بڑھا رہا ہے۔ ایسے میں 23 جولائی کو کناچک سیکٹر میں بھی چوکس سرحدی محافظوں نے پاکستان کے ڈرون کو بھگا دیا تھا۔
جموں ڈویژن کی سرحد سے متصل پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول پر سامبہ ضلع کے ساتھ اسی طرح کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ایسے میں بارڈر سیکورٹی فورس اور ہندوستانی فوج سخت چوکسی اختیار کر رہی ہے۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران سرحد کے پاکستانی جانب سے پھینکا گیا اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
