سرینگر،03اگست:
اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق کابینہ وزیر غلام حسن میر نے مختلف سکیموں کے تحت وادی میں متعدد سڑکوں کی میکڈامائزیشن کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکموں کو خستہ حال سڑکوں کی سالانہ تعمیر و مرمت کی جانب بھی فوری طور توجہ دینی چاہیے کیون کہ بعض علاقوں میں اہم سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
اس ضمن میں موصولہ بیان کے مطابق غلام حسن میر نے کہا، "یہ بات باعثِ اطمینان ہے کہ حکومت کی جانب سے مختلف سکیموں کے تحت وادی میں سڑکوں کی میکڈامائزیشن کا کام شدو مد کے ساتھ جاری ہے۔ لیکن وہیں وادی کے مختلف علاقوں میں ایک عام شکایت ہے کہ حکومت نے خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و مرمت، جو کہ روایتی طور پر ہر سال کی جاتی ہے، اب کی بار نہیں کی جارہی ہے۔”
انہوں نے کہا، "سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ یہ صورتحال سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے اور ٹریفک جامنگ کا بھی ایک سبب ہے۔ لوگوں کو خدشہ ہے کہ اگر گرما کے ان ایام میں خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و مرمت نہ کی گئی تو پھر سردیوں کے ایام میں ان کی حالت بد سے بدتر ہوجائے گی۔”
غلام حسن میر نے متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کو اس مسئلے کی جانب توجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وادی کی اُن سڑکوں، جو خستہ حال ہیں کی تعمیر و مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔
