سری نگر،03اگست:
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ کشمیر میں ہڑتال، بند اور پتھر بازی کے واقعات اب قصہ پارینہ بن کے رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندی پر غلبہ حاصل کیا ہے اور سا ل رواں کے دوران ابتک 130جنگجو مارے گئے جن میں 37غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں۔
اُن کے مطابق اگست 2019 میں مرکزی حکومت کی طرف سے دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد یونین ٹریٹری میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا جس کے عام لوگوں پر فائدہ بخش اثرات مرتب ہوئے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے ایک قومی نیوز چینل کو دئے گئے ایک انٹرویو کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد کشمیر میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور یہ کہ ہڑتال، بند اور پتھر بازی کے واقعات اب قصہ پارینہ بن کے رہ گئے ہیں۔انہوں نے بتایا :’ سیکورٹی فورسز کی جانب سے سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز میں حفاظتی عملے کو کامیابیاں مل رہی ہیں جس وجہ سے جنگجو تنظیموں میں حوصلہ شکنی پائی جارہی ہیں۔