سرینگر،04اگست:
جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق نے میرواعظ کشمیر ڈاکٹر محمد عمر فاروق کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت ہند سے اپیل کی ہے کہ کشمیر کے مذہبی رہنما کی مسلسل گھر نظربندی کو مزید طول دینے سے اجتناب کریں۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر محمد عمر فاروق ایک مذہبی رہنما ہیں اور ایک خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جو صدیوں سے اپنے مذہبی فرائض انجام دیتے آئے لیکن بدقسمتی سے میرواعظ صاحب کو 5اگست2019سے مسلسل خانہ نظربند رکھا گیا ہے ، جس کی وجہ سے وہ اپنے مذہبی فرائض انجام دینے سے مسلسل قاصر ہے جو انتہائی افسوسناک بات ہے۔
ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس مسلسل میرواعظ صاحب کی باعزت رہائی کا مطالبہ کرتی آئی ہے اور ہم آج اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے وزیر اعظم ہند، مرکزی وزیر داخلہ اور جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے پُرزور اپیل کرتے ہیں کہ میرواعظ کشمیر کی خانہ نظربندی ختم کی جائے اور دیگر قیدیوں کی رہائی بھی ممکن بنائی جائے ۔