سرینگر،5 اگست :
جموں و کشمیر کے رامبن اور پونچھ اضلاع میں جمعہ کو کئی مقامات پر بھاری بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ اور مغل روڈ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ چند سو گاڑیاں، بشمول امرناتھ یاتریوں کے قافلے کو لے جانے والی گاڑیاں شاہراہ پر پھنسی ہوئی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ موسلا دھار بارش کی وجہ سے رامبن میں مہڑ اور کیفے ٹیریا موڑ پر پہاڑی سے پتھر گرنے شروع ہوئے جس سے شاہراہ بند ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 174 امرناتھ یاتریوں کے قافلے کو سڑک کی صفائی تک چندر کوٹ یاترا نواس میں روک دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جمعہ کو پونچھ کے تاریخی مغل روڈ پر بھاری بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ یہ سڑک جموں خطے کے پونچھ اور راجوری اضلاع کو جنوبی کشمیر کے شوپیاں سے جوڑتی ہے اور جموں سری نگر قومی شاہراہ کا متبادل راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شاہراہوں پر بحالی کا کام جاری ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹریفک حکام کی تصدیق کے بغیر جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سفر نہ کریں ۔
