سرینگر،08اگست:
محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ ( ڈی آئی پی آر ) نے آزادی کے 75 برس کو منانے اور اسے ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو ‘‘ کے طور پر منانے کے لئے قومی ترانہ گائیکی مقابلہ ۔2022ء شروع کیا تھا جس کے لئے یکم ؍ اگست سے 7؍ اگست 2022 ء کے درمیان آئن لائن اِندراجات کھلے تھے۔
حکومت نے اِس مقابلے کے تحت جموںوکشمیر کے شہریوں سے کہا تھا کہ وہ گوگل لِنک کے ذریعے اَپنے اِندراجات جمع کر کے قومی ترانہ گائیکی مقابلے میں حصہ لیں۔
اِندراجات اِنفرادی اور گروپ کیٹیگریز کے تحت کھلے تھے ۔ اِنفرادی زُمرے کے تحت دو ذیلی زُمرہ جات کے لوگوں 13 برس سے 18برس تک اور زائد اَز 18 برس عمر کے اَفراد کو مقابلے میں حصہ لینے کی اِجازت دی گئی تھی جہاں گروپ کیٹیگری کے لئے عمر کی کوئی پابندی نہیں رکھی گئی تھی۔
ڈائریکٹر اطلاعات اور تعلقات عامہ اَکشے لابرو نے اِس پہل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اِس مقابلے کے تحت جموںوکشمیر کے مختلف حصوں سے تقریباً9,000 اِندراجات موصول ہوئے جن میں تقریباً50,000 شرکأ شامل تھے جو کہ گذشتہ برس موصول ہونے والی اِندراجات سے چار گنا زیادہ ہے اور جموں اور کشمیر دونوں صوبوں سے تقریباً مساوی گزارشات موصول ہوئیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جنوبی کشمیر کے اضلاع سب سے آگے ہیں اور اُنہوں نے جمع موصول ہونے والی اِندراجات شرکأ کے متعلقہ ڈپٹی کمشنروںکو بھیجی جائیں گی جو ہر زُمرے میں سے بہترین تین کا اِنتخاب کریں گے ۔ہر ضلع سے جیتنے والے یوم آزادی پر اَپنے اَپنے ضلعی صدر مقامات پر قومی ترانہ گائیں گے ۔
ضلعی سطح کے فاتحین کی فہرست صوبائی کمشنروں کو بھیجی جائے گی جو پھر فاتحین کو حتمی شکل دیں گے ۔
مقابلے کے فاتحین کو بالترتیب پہلے ، دوسرے اور تیسرے انعامات کے لئے 25,000روپے ،11,000 روپے اور 5,000روپے کے نقد انعامات کے علاوہ صوبائی سطح پر یوم آزادی کی تقریبات میں قومی ترانہ پیش کرنے کا موقعہ بھی ملے گا۔
آخری تاریخ میں توسیع کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ڈی آئی پی آر ’’ آزادی کا امرت مہااُتسو‘‘ کے تحت مقابلے کا ایک اور دور شروع کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہے ۔
