پٹنہ، 10 اگست:
بہار میں نتیش کمار کے وزیر اعلیٰ اور تیجسوی یادو کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے بعد بہار میں آج سے عظیم اتحاد کی حکومت بن گئی۔ حلف لینے کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے صحافیوں کو بتایا کہ جلد ہی دیگر وزرا کو بھی حلف دلایا جائے گا۔ اس کے لیے ایک تاریخ طے کی جائے گی۔ یہ بھی کہا کہ جلد ہی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی بلایا جائے گا۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو متحد کیا جائے گا
صحافیوں کے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ جو لوگ 2014 میں وزیر اعظم بنے، وہ 2024 میں رہیں گے یا نہیں، انہیں اس کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ اس سے یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ نتیش کمار 2024 میں بہار کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ چھوڑ کر لوک سبھا انتخابات میں پی ایم مودی کو ٹکردیں گے۔ وہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے ملک بھر کا دورہ کریں گے۔ اس کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحدکیا جائے گا۔
نتیش کمار نے اپوزیشن سے 2024 کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن ختم ہو جائے گی لیکن اب ہم آ گئے ہیں، اپوزیشن سے سب کچھ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں این ڈی اے کی حکومت میں میں الیکشن جیت کر وزیر اعلیٰ نہیں بننا چاہتا تھا، لیکن مجھے بی جے پی کے دباو¿ میں بننا پڑا۔ یہ بھی کہا کہ 2015 میں بہار میں جے ڈی یو کی اچھی پوزیشن تھی لیکن 2017 میں جے ڈی یو سازش کے تحت نیچے آگئی۔ پچھلے دو ماہ سے جے ڈی یو لیڈران بی جے پی کے رویے سے دکھی تھے۔ ہم بھی اس دوران بی جے پی کے بارے میں کچھ بھی نہیں بولے۔ خود کو الگ کر لیا تھا۔
