سرینگر،11اگست:
جموں شہر ،اسکے نواحی علاقوں اوراسے صوبے کے دیگراضلاع میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات مواتر طورپر موسلا دار بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے کے بعدجمعرات کی صبح توی دریا اورچناب میں سیلابی صورتحال پیداہوئی جبکہ ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح بڑھ گئی ۔توی دریا میں پانی کی سطح5میٹر یعنی خطرے کے نشان سے صرف ایک میٹر نیچے پہنچنے کے بعدانتظامیہ نے جموں شہرمیں الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوںکوہوشیار رہنے کی ہدایت دینے کیساتھ ساتھ توی اورطغیانی زدہ دیگرندی نالوںکے نزدیک نہ جانے کی تلقین کی ۔
اس دوران شدید بارشوں کے ضلع رام بن کے پیٹھ نیرا گاؤںمیں آئے ایک سیلابی ریلوں کی وجہ پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ جانے کے بعدلاپتہ ہوگئیں اوردونوںکے زندہ بچ جانے کے کم ہی امکانات ظاہر کئے گئے ۔
اطلاعات کے مطابق جموں شہر ،اودھم پور اوردیگر نزدیکی اضلاع کیساتھ ساتھ جموں صوبے کے دیگر کئی علاقوںمیں بدھ کوشام دیر گئے بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ،جو وقت گزرنے کیساتھ تیز ہوتا گیا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ پوری رات جموں شہر اوراسکے نواحی علاقوںمیں موسلا دار بارشوں کاسلسلہ بنا رکے جاری رہا ۔حکام نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ جمعرات کی صبح جموں شہر کی بیشتر سڑکیں ،گلیاں ،بازار اوربستیاں زیرآب تھیں جبکہ دریائے توی میں پانی کی سطح کافی حدتک بڑھ گئی تھی ۔
حکام نے بتایاکہ بارشوں کاسلسلہ رتقریباً24گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعدجمعرات کی صبح لگ بھگ ساڑھے8بجے تھم گیا۔محکمہ موسمیات اورمحکمہ اری گیشن وفلڈکنٹرول کے حکام نے بتایاکہ جمعرات کی صبح توی میں پانی کی سطح 5میٹر ناپی گئی ،کیونکہ جموں شہرمیں پوری رات ہونے والی بارشوں کی پیمائش جمعرات کی صبح189.6میٹر کی گئی ،جو جموں شہرمیں 26سال بعدہونے والی سب سے زیادہ اورشدیدبارش ہے ۔محکمہ موسمیات کے کشمیر نشین ماہر فیضان عارف کینگ کے مطابق جموں شہر میں 1996 کے بعد اگست کے مہینے میں یہ سب سے زیادہ 24 گھنٹے کی بارش ہے۔ شہر میں 23 اگست 1996 کو218.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔انہوںنے مزید بتایاکہ جموں شہر میں اب تک کی سب سے زیادہ بارش228.6 ملی میٹر5 اگست1926 کو ریکارڈ کی گئی۔حکام نے بتایاکہ جموں خطہ کے دیگر حصوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ادھم پور، سانبہ اور ریاسی میں تین ہندسوں کی بارش ریکارڈ کی گئی۔حکام کے مطابق ریاسی میں 24 گھنٹوں میں152.5 ملی میٹر، ادھم پور میں121.6 ملی میٹرریکارڈکی گئی ۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق جموں شہر میں گزشتہ 31 گھنٹوں میں 236 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور اسی مدت کے دوران ریاسی میں 198 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔انہوںنے بتایاکہ ریکارڈ بارشیں ہونے کے بعدتوی دریامیں پانی کی سطح جمعرات کودن کے ساڑھے12بجے 5میٹر تک پہنچ گئی تھی ۔انہوںنے کہاکہ سلامی پل ادھم پور پر دریائے توی میں پانی کی سطح 5میٹر ریکارڈکی گئی ۔انہوںنے کہاکہ توی میں پانی کی سطح کی الرٹ سطح ساڑھے4میٹر رکھی گئی ہے جبکہ پانی کی سطح6میٹر پہنچنے پر خطرے کی گھنٹی بجادی جاتی ہے ،کیونکہ پانی کی یہی سطح خطرے کانشان ہے ۔
حکام نے بتایاکہ انتظامیہ نے جموں شہرمیں الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوںکوہوشیار رہنے کی ہدایت دینے کیساتھ ساتھ توی اورطغیانی زدہ دیگرندی نالوںکے نزدیک نہ جانے کی تلقین کی ہے ۔دریں اثناءرات بھر شدیدبارشیں ہونے کے بعدرام بن ضلع کے کئی علاقوںمیں ندی نالوںمیں طغیانی آنے کے بعدسیلابی ریلے اُمڈ پڑے ۔
ضلع کے پیٹھ نیرا گاؤںمیں سیلابی ریلے کی زدمیں آکرماں بیٹی پانی کے تیز بہاؤمیں بہر کر لاپتہ ہوگئیں ،حکام نے بتایاکہ نیرا رام بن میں سیلانی ریلا آنے کے بعد ایک خاتون شمینہ بیگم زوجہ شبیر احمد اور ان کی بیٹی روزیہ بانولاپتہ ہوگئی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ لاپتہ ما ں بیٹی کی تلاش کاکام پولیس اورایس ڈی آرایف کی جانب شروع کیاگیا۔ادھر میڈیارپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سیلاب نے املاک کو بھی نقصان پہنچایا، کاریں اور موٹر سائیکل اس کی لپیٹ میں بہہ گئے۔
