سری نگر،12اگست:
جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو کہا کہ اس سال 3لاکھ65ہزار یاتریوں نے امرناتھ کی سالانہ یاترا کی اور یہ تعداد پچھلے 5 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجموعی طور پر 3لاکھ65ہزار یاتریوں نے امرناتھ گھپا پہنچ کر یہاں شیولنگم کا درشن کیا۔انہوںنے کہاکہ یہ اعداد و شمار پچھلے پانچ سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ بادل پھٹنے کی وجہ سے یاترا 3 دن تک معطل رہی اور سیکورٹی فورسز کی کوششوں وتعاون سے این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف نے یاترا کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا۔
لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ہندوستان بھر سے یاتری کشمیر آئے اور شیو لنگم کے درشن کئے۔منوج سنہا نے کہا کہ 44 دن کی یاترا کی مدت کے دوران، موسم 20 دنوں تک بے ترتیب رہا اور شرائن بورڈ کے علاوہ ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو یاتریوں کےلئے موسم کی ایڈوائزری جاری کرنی پڑی۔انہوں نے کہا کہ اس سال یاترا نواس سہولیات میں یاتریوں کو ٹھہرانے کی گنجائش70ہزار سے بڑھا کرایک لاکھ25ہزار کردی گئی ہے۔
انہوںنے کہاکہ آر ایف آئی ڈی چپس نے یاتریوں پر نظر رکھنے میں بہت اچھا کردار ادا کیا۔لیفٹنٹ گورنر نے کہاکہ ایک بچی گم ہو گئی جسے RFID کے ذریعے چند منٹوں میں ٹریک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر یاترا پرامن رہی اور سونمرگ میں بالتل اور پہلگام میں چندن واڑی کے دونوں بیس کیمپوں کے زائرین نے انتظامیہ کے ذریعہ کئے گئے مختلف سروے کے ذریعہ انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔لیفٹنٹ گورنر نے سیکورٹی فورسز بشمول پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور دیگر مرکزی فورسز اور بالخصوص پہلگام اور بالتل کے مقامی لوگوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یاتریوں کی بھرپور مدد کی۔
انہوں نے کہاکہ میں پورے کشمیر کے لوگوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے کھلے ہتھیاروں سے یاتریوں کا استقبال کیا۔لیفٹنٹ گورنر نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز نے یاتریوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی اور پرامن یاترا کو یقینی بنایا۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا امرناتھ یاترا کی وجہ سے سیاحوں کی آمد میں کمی آئی ہے،لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ یاترا سے کشمیر میں سیاحت پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم یاترا کے دوران گزشتہ تین سالوں کے اعداد و شمار کا موازنہ کریں تو اس سال سیاحوں کی تعداد زیادہ تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کو یاترا سے نہیں جوڑا جانا چاہئے۔لیفٹنٹ گورنر نے کہاکہ مستقبل میں، ہندوستان بھر کے لوگوں سے ہمیں موصول ہونے والے تاثرات کے پیش نظر بہت بہتر یاترا ہوگی۔
